تازہ ترین

سال 2017 میں پی آئی اے کے ریونیو میں 2 ارب روپے کا اضافہ

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے مالیاتی نتائج برائے سال 2017 کا اعلان کردیا، پی آئی اے کے خسارے میں مزید 3 ارب روپے جبکہ ریونیو میں 2 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے مالیاتی نتائج برائے سال 2017 کا اعلان کردیا، مالیاتی نتائج کا اعلان ایک سال تاخیر سے کیا گیا یعنی سال 2017 کی رپورٹ سنہ 2019 میں جاری کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے خسارے میں مزید 3 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔ سال 2016 میں خسارہ 44.7 ارب روپے تھا، سال 2017 میں خسارہ 47.7 ارب روپے رہا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سنہ 2017 کا خسارہ سال 2016 کے مقابلے میں 3 ارب روپے زائد ہے۔ سال 2017 میں ایکسچینج خسارہ 2.2 ارب روپے رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق 2017 میں پی آئی اے کے ریونیو میں 2 ارب کا اضافہ بھی ہوا جس کے بعد قومی ایئر لائن کا ریونیو بڑھ کر 104 ارب روپے پر پہنچ گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2017 میں ایندھن اخراجات میں 4 ارب کا اضافہ ہوا، ایندھن کی مد میں اخراجات 7 ارب سے بڑھ کر 31 ارب ہوگئے۔ پی آئی اے نے مالیاتی نتائج اسٹاک ایکسچینج کو بھی بھیج دیے ہیں۔

Comments

- Advertisement -
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں