کراچی: سعودی حکومت کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے 6 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے، جن کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو واپس لایا جائے گا اور یہاں سے سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے 6 خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب سے ہم وطنوں کو پاکستان لے کر آئے گی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ 14 اور 15 مارچ کو پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔
14 مارچ کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 717 کراچی سے مدینہ کے لیے روانہ ہوگی، دوسری پرواز پی کے 767 کراچی سے جدہ کے لیے روانہ کی جائے گی، تیسری پرواز پی کے 8731 کراچی سے جدہ جب کہ خصوصی پرواز پی کے 8761 کراچی سے جدہ کے لیے روانہ کی جائے گی، 15مارچ کو اسلام آباد سے جدہ کے لیے پرواز پی کے 763 روانہ ہوگی۔ سعودی ایوی ایشن نے پاکستان سمیت تمام ممالک کے مسافروں کو سعودیہ عرب سے جانے کے لیے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک سے سعودی عرب آنے والے افراد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، ماسوائے ان افراد کے جو سعودی عرب کے شہری ہیں یا اقامتی ویزے کے حامل ہیں اور وہ شہری جو واپس اپنے ملک جانا چاہتے ہیں۔ کارگو پروازیں بھی سعودی عرب کے لیے آپریٹ کی جا سکتی ہیں اور میڈیکل ویزہ رکھنے والے یا نئے میڈیکل ویزے والے افراد سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں۔
سعودی حکومت کی ہدایات کے تحت وہ افراد جو سعودی شہری ہیں یا اقامہ ویزہ رکھتے ہیں وہ افراد 72 گھنٹوں کے اندر سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں اور یہ مدت اتوار 15 مارچ 2020 سہ پہر 3 بجے ختم ہو جائے گی۔
ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن اپنے مسافروں کو سعودی عرب لے جانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور سعودی عرب کا اقامتی ویزہ رکھنے والے پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچانے کے لیے معمول کی پروازوں کے علاوہ پاکستان کے مختلف شہروں سے اضافی پروازیں چلانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
دریں اثنا پاکستانی وزارت خارجہ نے سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں ہاٹ لائن قائم کر دی ہے۔