اسلام آباد : ملک بھر کے سنیئر وکلا نے پی آئی سی پر ہونے حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے، پاکستان بار کونسل کو لکھے گئے خط میں کہا کہ واقعے نے وکالت کے پیشے کو بدنام کیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پی آئی سی پر وکلا کی جانب سے کیے جانے والے حملے پر مختلف رہنماؤں اور تنظیموں نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالے سے سپریم کورٹ کے سینئر وکلا نے بھی پی آئی سی حملے کی مذمت کردی، سپریم کورٹ کے54سینئر وکلا نے پاکستان بار کونسل کو ایک مذمتی خط ارسال کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پی آئی سی حملہ وکلا کا غیرذمہ دارانہ اور ناقابل یقین فعل ہے، وکلا کے حملے سے شدید دھچکا پہنچا ہے۔
خط کے متن میں سینئر وکلا کا کہنا ہے کہ قانون پر سختی سے عملدرآمد ہماری ذمہ داری ہے، پبلک پراپرٹی اوراسپتال پر حملے کا کوئی جواز نہیں پیش کیا جاسکتا، بدقسمتی سے واقعے نےوکالت کے پیشےکو بدنام کیا،
ہم سمجھتے ہیں بطور قانون دان ہم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں : وکلا نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بول دیا
انہوں نے کہا کہ بار کونسلز اور ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی کال افسوسناک ہے، افسوس کہ پاکستان باراور دیگرایسوسی ایشنز کی جانب سے حملے کی مذمت نہیں کی گئی، احتجاج کے حق کا مطلب عدالتی امور کابائیکاٹ نہیں ہوتا۔