کراچی : صدر دھماکے میں استعمال ہونے والی سائیکل کی خصوصی تصویر سامنے آگئی ، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جائے وقوعہ سے سائیکل کے ٹکڑے ملے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں بم دھماکےمیں استعمال ہونے والی سائیکل کی خصوصی تصویر اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکاخیزموادسائیکل کے کیریئر میں نصب کیا گیا تھا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جائے وقوعہ سے سائیکل کے ٹکڑے ملے ، ٹکڑوں میں ٹائر، رم، اسٹینڈ، چین اور گیئر شامل ہیں۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جائےوقوعہ سے55اسٹیل بال بیئرنگ بھی ملے، دھماکے سے 2 کاریں مکمل طورپرتباہ ہوگئیں جبکہ 7 کاریں اور 3 موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق دھماکےمیں دیسی طور پرآئی ای ڈی کو تیارکیا گیا جبکہ بال بیئرنگ سمیت ڈھائی کلوبارودی مواد دھماکے میں استعمال ہوا۔
گزشتہ رات صدر کے علاقے داؤد پوتہ روڈ پر بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ 13 زخمی ہو گئے تھے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا تھا کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل کے پیچھے نصب تھا۔
بعد ازاں دھماکے کی ذمہ داری سندھو دیش لبریشن آرمی نے قبول کر لی تھی۔