کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 24 گھنٹے کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔
اے آر وائی نیوز کو محکمہ داخلہ بلوچستان کے ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی صرف کوئٹہ میں عائد کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے لیے ہوگا۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔
خواتین، بزرگ، بچوں، صحافیوں، سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کو پابندی سے متسشنیٰ قرار دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ (پی ڈی ایم) کے تحت کل کوئٹہ میں جلسے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس ضمن مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آج کوئٹہ پہنچے ہیں۔
مزید پڑھیں: پشاوراور کوئٹہ جلسے میں کوئی سانحہ رونما ہوسکتا ہے، شیخ رشید نے خبردار کردیا
امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کے جلسے کی سیکیورٹی اور صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ’ جلسہ قائدین اور عوام کےتحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے کیونکہ نیکٹا نےکوئٹہ میں دہشت گردی سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے‘۔
فضیل اصغر نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ الرٹ کو سنجیدگی سے لیں۔ علاوہ ازیں چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ’جلسے سے صوبے میں کرونا کے پھیلنے کا خطرہ بھی ہے، صوبائی حکومت جلسے میں شرکت کرنے والوں کو ماسک اور سینٹائزر فراہم کے۔
چیف سیکریٹری نے کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کرنے کی بھی ہدایت کی جس کے تحت اسلحہ لے کر آزادانہ گھومنے اور ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔