کراچی:ایف آئی اے نے پائلٹس کے مشتبہ لائسنس اسکینڈل کی تحقیقات میں سائبر کرائم کے ماہرین سے معاونت لینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کی جانب سے پائلٹس کے مشتبہ لائسنس اسکینڈل کی تحقیقات جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اےاے کے سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر آئی ٹی طاہر عمر سے پوچھ گچھ کی گئی ، اس موقع پر ایف آئی اے ٹیم 2 دن سی اے اے کے متعلقہ شعبے میں موجود رہی۔
طاہر عمر سے تحقیقات کے دوران شعبے کے مختلف افسران سے بھی سوالات کیے گئے ، جس کے بعد ایف آئی اے نے سائبر کرائم کے ماہرین سے معاونت لینے کا فیصلہ کرلیا ، سائبر کرائم ٹیم کمپیوٹر اور سسٹم لاگ اِن پاس ورڈز استعمال کا تعین کرے گی۔
پائلٹ لائسنس امتحانات اور اجرا کے لئےاستعمال کمپیوٹرز کا جائزہ لیاجائے اور فرانزک آڈٹ سے لائسنس اجرامیں ملوث افسران و اہلکاروں کی نشاندہی کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈٹ کے بعد ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے پائلٹس کے مشتبہ لائسنس اسکینڈل کی تحقیقات میں سی اے اے کے چند افسران اور اہلکار پہلے ہی گرفتار ہیں۔
خیال رہےسول ایوی ایشن حکام نے پائلٹ لائسنس کے اجرا میں بے قاعدگیاں روکنے کےلیے برطانوی طرز کا امتحانی سسٹم اپنانے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کا کہنا تھا کہ برطانوی سول ایوی ایشن کی جانب سے ایک ماہ میں جدید سسٹم نصب کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، جس کے بعد پاکستانی پائلٹس کے لائسنس دنیا بھر میں قابل قبول ہوں گے۔