اسلام آباد : پمز اسپتال انتظامیہ نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر اختیاری وطے شدہ سرجریز ملتوی کر دی، صرف ایمرجنسی صورت میں سرجریز کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کیسز بڑھنے پر پمز اسپتال انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اختیاری وطے شدہ سرجریز ملتوی کر دی اور اس حوالے سے حکم نامہ جاری کردیا ہے ، جس میں کہا گیا کہ ایمرجنسی صورت میں سرجریز کی جائیں گی۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، ایک دن میں 85 اموات ہوئیں اور 4 ہزار553کورونا کیسز سامنے آئے اور اس دوران ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7.4فیصد رہی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ ملک میں مجموعی طور پر11 لاکھ 35 ہزار 858 کورونا کیس سامنے آچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 400 سے زائد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3413 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ 22 ہزار 847 ہو گئی ہے۔