اتوار, نومبر 24, 2024
اشتہار

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان پر بنگلہ دیش سے پہلی بار وائٹ واش کے بادل گہرے ہو گئے

اشتہار

حیرت انگیز

پنڈی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان کی بیٹنگ لائن پھر دھوکا دے گئی بنگلہ دیش سے پہلی بار وائٹ واش کے بادل گہرے ہو گئے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ چوتھے روز قومی ٹیم کے بلے باز پھر ناکام رہے اور دوسری اننگ میں پوری ٹیم صرف 172 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش چوتھے روز کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنا لیے اور اسے تاریخی جیت لیے صرف 143 رنز درکار ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

- Advertisement -

پاکستان کی بیٹنگ کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دوسری اننگ کوئی بلے باز نصف سنچری بھی نہ بنا سکا۔ ٹاپ اسکورر سلمان علی آغا نے نا قابل شکست 47 رنز بنائے جب کہ محمد رضوان 43 رنز ہی بنا سکے۔

چوتھے روز پاکستان نے دوسری اننگ کا آغاز 2 وکٹوں پر 9 رنز کے ساتھ کیا تاہم پہلے سیشن میں بنگلہ دیشی فاسٹ بولرز نے تباہی مچاتے ہوئے چار پاکستانی بیٹرز کو آؤٹ کر دیا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

کپتان شان مسعود 28 اور صائم ایوب 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا اور وہ دوسری اننگ میں بھی صرف 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، نائب کپتان سعود شکیل بھی 2 رنز بنا کر چلتے بنے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

کھانے کے وقفے کے بعد محمد رضوان 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر سلمان علی آغا کریز پر ڈٹے رہے لیکن اپنے سامنے بلے بازوں کو آتا اور واپس جاتا دیکھتے رہے۔ محمد علی کو کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہ ملا۔ ابرار احمد نے 2 جب کہ میر حمزہ نے 4 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نہید رانا نے 44 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تسکین احمد کے ہاتھ ایک وکٹ آئی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

بنگلہ دیش کو جیت کے لیے صرف 185 رنز کا ہدف ملا ہے اور چائے کے وقفے تک بنگلہ دیش نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 42 رنز بنا لیے تھے۔ چائے کے وقفے کے بعد خراب روشنی کے باعث کھیل کو روکا گیا، تاہم ایک گھنٹہ انتظار کے باوجود کنڈیشن کھیل کے لیے بہتر نہ ہونے پر امپائرز نے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے کا اعلان کیا۔

پنڈی اسٹیڈیم میں قبل از وقت اندھیرا ہونے کے ساتھ ہی پاکستان پر اپنی ہی سر زمین پر بنگلہ دیش سے پہلی بار وائٹ واش کی خفت کا شکار ہونے کے بادل بھی گہرے ہوگئے ہیں۔

مہمان ٹیم کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل ہے اور کل بنگلہ دیش کو جیت کے لیے صرف 143 رنز درکار ہوں گے جب کہ پاکستانی بولرز کو اس وائٹ واش کی ہزیمت سے بچنے کے لیے دس وکٹیں لینا ہوں گی۔

پاکستان نے پہلی اننگ میں صرف 274 رنز بنائے تھے۔ اس کے جواب میں اس سے قبل گزشتہ روز بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور پاکستان کو صرف 12 رنز کی برتری حاصل ہوسکی تھی۔

ایک موقع پر بنگلہ دیش کے 6 کھلاڑی صرف 26 رنز پر آؤٹ ہوچکے تھے اور تمام مستند بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ مہمان ٹیم کے فالو آن کا خطرہ بھی سر پر منڈلانے لگا تھا، تاہم اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس اور آل راؤنڈر مہدی حسن میراز نے ساتویں وکٹ کے لیے 165 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر نہ صرف ٹیم کو فالو آن سے نکلا بلکہ پوزیشن مستحکم کی۔

مہدی حسن میراز نے 78 رنز کی قیمتی اننگ کھیلی جب کہ لٹن داس نے حسن محمود کے ساتھ نویں وکٹ کے لیے 69 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر پاکستان کے بڑی برتری لینے کا خواب چکنا چور کر دیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے خرم شہزاد نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ میر حمزہ اور سلمان علی آغا کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور بنگلہ دیش کو سیریز میں ایک صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل ہے۔

میچ اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھایا جا رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں