سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی دکانیں اور ٹھیلے انواع و اقسام کے میوہ جات سے سجے ہوئے نظر آتے ہیں اور ہر کوئی اپنی پسند کے میوے خرید کر لے جاتا ہے۔ یہ خشک میوے جہاں ہماری غذائی ضرورت پوری کرتے ہیں، وہیں سردیوں کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے اور ہمیں تن درست رہنے میں مدد دیتے ہیں۔
مونگ پھلی، چلغوزے، کشمش، اخروٹ، بادام اور پستہ ہر چھوٹے بڑے کو پسند ہے اور ان سب کے الگ الگ فوائد ہیں۔ اسی طرح سردیوں میں خاص طور پر پستہ بہت فائدہ مند ہے۔ خشک میوہ جات میں چکنائی اور حرارے وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو بے حد فائدہ دیتے ہیں۔ پستہ بھی انہی میں سے ایک ہے جس کے چند فوائد جان لیجیے۔
ماہرینِ غذائیت کے مطابق پستے اینٹی آکسیڈنٹس کا خزانہ ہیں جو کینسر اور دل کے امراض سے بچانے میں مددگار ہیں اور یوں ہمیں توانا رکھتے ہیں۔
اکثر لوگ اپنی خوراک میں گوشت کو مناسب اور ضروری مقدار میں شامل نہیں رکھ پاتے۔ ان کے لیے پستے نہایت مفید ہیں۔ یہ ہمارے جسم کی پروٹین کی ضرورت پوری کرتے ہیں۔
یہ میوہ ہماری آنکھوں کے لیے بھی مفید ہے۔ ماہرین کے مطابق پستے میں دو اینٹی آکسیڈنٹس لیوٹین اور زی ایکسینتھن پائے جاتے ہیں جو موتیا اور بڑی عمر میں اس عضو کو متاثر کرنے والی بیماریوں کا راستہ روکتے ہیں۔
فائبر سے بھرپور یہ میوہ ہمارے نظامِ ہاضمہ اور آنتوں کی صحّت کے لیے بھی مفید ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پستے معدے میں مفید بیکٹیریا کی تعداد میں اضافہ کرتے ہیں۔