اتوار, مئی 4, 2025
اشتہار

مسافر طیارہ مگرمچھوں سے بھری دلدل میں گر گیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

اشتہار

حیرت انگیز

جنوبی امریکہ کے ملک بولیویا میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک چھوٹا مسافر طیارہ مگرمچھوں سے بھری دلدل میں گرگیا، 5 افراد 36 گھنٹے تک موت اور زندگی کی کشمکش میں رہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بولیویا کے ایمازون علاقے بینی میں ایک چھوٹے مسافر طیارے کو فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، طیارے میں 29 سالہ پائلٹ سمیت چار افراد جن میں تین خواتین اور ایک بچہ شامل تھے۔

طیارے کے پائلٹ آندریس ویلارڈے نے بتایا کہ پرواز کے دوران طیارے کی بلندی کم ہونے لگی اور اسے مجبوراً ایک دلدلی علاقے میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔ اس دوران مسافر طیارہ الٹ گیا اور پانچوں افراد اس کی چھت پر چڑھ کر بیٹھ گئے تاکہ خود کو بچا سکیں۔

ان افراد نے اس خطرناک دلدلی علاقے میں مگرمچھوں اور اژدہوں کے درمیان 36 گھنٹے گزارے تاہم معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے۔ یہ افراد 36 گھنٹوں تک بھوکے پیاسے رہے جس سے ان کی حالت غیر ہونے لگی۔

پائلٹ کے مطابق دلدل میں اژدھوں اور مگرمچھوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو ان سے صرف تین میٹر کے فاصلے تک آگئے تھے، خوش قسمتی سے طیارے سے لیک ہونے والے کیروسین (ایندھن) کی بدبو نے شاید ان درندوں کو دور رکھا، انہوں نے بتایا کہ ان لوگوں نے ایک اژدہا (اینا کونڈا) بھی پانی میں دیکھا۔

رپورٹ کے مطابق مقامی ماہی گیروں نے36 گھنٹے بعد انہیں دیکھا جنہیں امدادی ٹیموں کی مدد سے اسپتال منتقل کیا گیا، حکام کے مطابق تمام افراد اب کافی بہتر حالت میں ہیں۔

یاد رہے کہ بولیویا کے اس علاقے میں پکی سڑکوں کی کمی اور خراب راستوں کی وجہ سے اکثر لوگ "ایئر ٹیکسی” یعنی چھوٹے طیاروں کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ طیارہ شہر کی طرف جا رہا تھا کہ راستے میں حادثہ پیش آگیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں