ملتان: پاکستانی بیٹر امام الحق کو ویسٹ انڈیز کے ساتھ ون ڈے سیریز میں مسلسل 3 نصف سنچریاں بنانے پر پلیئر آف دی سیریز قرار دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچوں میں بلے باز امام الحق نے 199 رنز اسکور کر کے پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کر لیا۔
امام الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا گیم تبدیل نہیں کیا، خوب محنت کر رہا تھا جس کا صلہ ملا ہے۔
پلیئر آف دی سیریز کا رن آؤٹ کس کی غلطی تھی، امام الحق نے اس بارے میں بھی بتا دیا، انھوں نے کہا کہ رن آؤٹ کھیل کا حصہ ہے، میرے رن آؤٹ میں بابر کی غلطی تھی۔
پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ
انھوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ میری 11 سال سے دوستی ہے، اور ہم دونوں ایک دوسرے کا گیم اچھی طرح جانتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کر لیا ہے، گزشتہ روز تیسرا ون ڈے میچ پاکستان نے ملتان میں 53 رنز سے جیتا، ویسٹ انڈین ٹیم 270 رنز کے تعاقب میں 216 رنز تک محدود رہی، عقیل حسین نے 60 اور کیسی کارٹی نے 33 رنز بنائے، شاداب خان نے 4، حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
پاکستان نے پہلے کھیل کر 9 وکٹوں پر 269 رنز اسکور کیے، خراب موسم کے باعث میچ 48 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا تھا، پاکستان کی آدھی ٹیم 117 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی، تاہم شاداب نے 86 رنز کی شان دار اننگز کھیل کر ٹیم کو مشکل سے نکالا، امام الحق 62، فخر 35 اور خوشدل 34 رنز بنا کر نمایاں رہے، نکولس پوران نے 4، کیموپال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔