ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

وزیر اعظم کا قبائلی علاقوں پر تمام دستیاب وسائل خرچ کرنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

وزیرستان: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ باقی ملک سے پیچھے رہ جانے والے علاقوں پر ہماری سب سے زیادہ توجہ ہے، قبائلی علاقوں پر ہمارے جتنے بھی وسائل ہیں خرچ کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج جنوبی وزیرستان کے علاقے مولا خان سرائے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام اپنے آپ کو غیر سیاسی نہ کہیں، ان علاقوں میں جرگہ نظام رائج ہے جس سے مشاورت کے ساتھ فیصلے ہوتے ہیں، یہ سیاسی نظام ہی کا حصہ ہے۔

انھوں نے کہا قبائلی علاقے اور بلوچستان کے علاقے باقی پاکستان سے پیچھےرہ گئے، ہم ملک کو درست راستے پر لے کر آ رہے ہیں، اب پیچھے رہ جانے والے علاقوں پر ہماری سب سے زیادہ توجہ ہے، ان علاقوں پر تمام دستیاب وسائل خرچ کریں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا میں ہمیشہ اپنے عوام سے سچ بولوں گا، کوئی آپ سے بولے کہ سارے مسائل حل کر دوں گا تو وہ سچ نہیں ہوگا، میں آپ لوگوں سے کوئی ایسا وعدہ نہیں کروں گا جو پورا نہ کر سکوں۔

انھوں نے کہا مطمئن ہو جائیں ملک کو مسائل سے نکالیں گے، قانون کی بالا دستی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرتا، عوام سمجھیں ہم ایک مشکل مرحلے سےگزر رہے ہیں، لوگ پوچھتے ہیں کہاں گیا نیا پاکستان، کہاں ہے مدینے کی ریاست؟ یہ ایک ہی دن میں نہیں بنی تھی، ہم ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، ہر ادارے میں ریفارمز لا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے محسود قبائل کی تعریف کرتے ہوئے کہا محسود قبائل نے انگریزوں کے خلاف جنگ میں بھرپور حصہ لیا تھا، قبائلی علاقے کے عوام نے کشمیر کے لیے بھی جنگ لڑی تھی۔

انھوں نے کہا سارے چور اکٹھے ہوگئے ہیں اور روزانہ نئی باتیں کرتے ہیں، ایسے چور اکٹھے ہو جائیں تو سمجھ جائیں کہ معاشرے میں انقلاب آنا شروع ہو گیا ہے، چوروں کا ٹولہ ہر روز سڑکوں پر نکل آتا ہے، پاکستان میں انقلاب کی شروعات ہو چکی ہیں، ان چوروں کی وجہ سے بنگلہ دیش ہم سے آگے نکل گیا، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ بنگلہ دیش پاکستان سے آگے نکل جائے گا، پرویز مشرف نے بھی ان ڈاکوؤں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں