جمعرات, جولائی 4, 2024
اشتہار

پاکستان اور تاجکستان میں ویزا استثنیٰ کے سمجھوتے پر دستخط

اشتہار

حیرت انگیز

دوشنبے: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان نے پاسپورٹ کو ویزے سے مستثنیٰ کرنے کے سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے تاجک صدر امام علی رحمان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کا باعث بنیں گے، دونوں ملکوں کے درمیان سمجھوتوں پر دستخط سے تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ چین، تاجکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی راہداری کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں، زراعت۔ صحت، تعلیم، سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پاکستان، تاجکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا، تجارتی حجم میں اضافے کے لیے ہمیں سالانہ بنیادوں پر اہداف کا تعین کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی بندرگاہ سے براستہ افغانستان، تاجکستان کے لیے اشیا کی نقل و حمل ہورہی ہے، چاہتے ہیں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ریل اور روڈ نیٹ ورک مربوط ہو۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان دہشت گردی سے متاثر ہیں، ہمیں دہشت گردی کے ناسور کا طویل عرصے سے سامنا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دیں، ملک سے 2017-18 میں دہشت گردی کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوئے لیکن بدقسمتی سے اب یہ ناسور دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں پاکستان اور تاجکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں، اس کے بغیر خطے میں خوشحالی نہیں آسکتی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں