پشاور: وزیراعظم شہبازشریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، گورنرخیبرپختونخوا نے وزیراعظم کو صوبہ میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ساتھ مل کر صوبے کا امن وامان یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا خیبر پختونخوا حکومت صوبہ میں امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، عوام کو تحفظ فراہم کرنے والی پولیس خود عدم تحفظ کا شکار ہوچکی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گورنر فیصل کریم کنڈی وزیرداخلہ کے ساتھ مل کر امن و امان یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔