اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن ہم منصب کو ان کی جماعت کی انتخابات میں کامیابی پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن ہم منصب کوٹیلی فون کر کے ان کی جماعت کا انتخابات میں واضح کامیابی پر مبارکباد دی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور قیمتی انسانی زندگیوں کو بچانے اور معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے کورونا کے باعث معیشت، سیاست اور انڈسٹری پر پڑنے والےمنفی اثرات کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے سری لنکن ہم منصب کوپاکستان کی جانب سے تمام شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے دورے پاکستان کی دعوت بھی دی۔
وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کےدرمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔دونوں ممالک نے سارک پلیٹ فارم پرمشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سری لنکا سیکیورٹی اور معاشی ترقی میں اہم شراکت دارہے۔