وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کی گزارش پر وزیرِ اعظم نے سی سی آئی کا اجلاس آج ہی طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس آج ہی طلب کرلیا گیا ہے، سی سی آئی اجلاس میں آج کینالوں کے معاملے کا فیصلہ ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس 2 مئی کو ہونا تھا، حکومت سندھ کی گزارش پر آج ہو رہا ہے، وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت سی سی آئی کا اجلاس آج شام اسلام آباد میں ہو گا۔
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ کی طرف سے وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ سی سی آئی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی کینالز تنازعہ پر احتجاج کرنیوالوں سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل
کینالز معاملہ: وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات طے پاگئی
دوسری جانب شرجیل میمن نے اے آروائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ بلاول بھٹو اور وزیر اعظم کی بات چیت کے تحت آج فیصلہ ہوجائیگا، کینالوں کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور بلاول بھٹو کے درمیان اسلام آباد میں ایک میٹنگ ہوئی تھی، اس میٹنگ کے تناظر میں 2 مئی کو سی سی آئی اجلاس بلانے کا فیصلہ ہوا تھا، اس کے باوجود احتجاج جاری تھے لوگوں کو بہت مشکلات کا سامنا تھا۔
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے سندھ حکومت کی گزارش کو سنجیدگی سے لیا ہے۔
واضح رہے کہ 15 فروری کو چولستان کے بڑے منصوبے کا افتتاح کیا گیا تھا جس کا مقصد جنوبی پنجاب کی زمینوں کو سیراب کرنا تھا، گرین پاکستان انیشی ایٹو (جی پی آئی) کی پیپلز پارٹی سمیت کسانوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے سخت مخالفت کی جس کے بعد سے سندھ کے کئی شہروں میں اس مسئلے کے خلاف احتجاج جاری ہے جو کہ اب شدت اختیار کرگئی ہے۔