اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے نام چین کے وزیر اعظم نے خط لکھ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چینی ہم منصب لی کَچیانگ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خط لکھ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
چینی وزیر اعظم نے خط میں لکھا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کرونا کے خلاف جنگ ضرور جیتے گا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور وہ اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ ہیں، انھوں نے چند دن قبل چین سے منگوائی گئی کرونا ویکسین بھی لگوائی ہے۔
مودی کا وزیر اعظم عمران خان کے لیے ٹوئٹ
کرونا پازیٹیو ہونے کے بعد دنیا بھر کے رہنماؤں اور سفرا نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
پڑوسی ملک بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے عمران خان کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا، مودی نے ٹوئٹ کیا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا، برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر، جرمن سفیر برنہارڈ شلاگیک، سری لنکن وزیر نمل راجا پکسکا، پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر لِس روزن ہوم، اور پاکستان میں امریکی اور فرانسیسی سفارت خانوں نے ٹوئٹس کر کے وزیر اعظم پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔