کراچی: وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو کراچی میں ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی جس میں سندھ کی صورت حال امن و امان اور وفاق کے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے وزیراعظم پاکستان کو ترقیاتی منصوبوں اور اتحادی جماعتوں سے رابطوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو کراچی میں ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے رہزنی کے واقعات اور صحت کے امور پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سندھ میں امن کے حوالے سے وفاقی ادارے بھرپور کام کر رہے ہیں، عوام اور ان کے املاک کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں۔ وزیراعظم عمران خان گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جی ڈی اے اور ایم کیو ایم ارکان اسمبلی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔