اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عالمی مالیاتی اداروں سے ایک بار پھر کرونا وبا سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کے لیے مالیاتی ریلیف کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج اقوام متحدہ کے ادارے اکنامک اینڈ سوشل کونسل کے فورم سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم ترقی پذیر ممالک کی معاشی حالت سدھارنے کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے کہا اس فورم سے افتتاحی خطاب میرے لیے باعث مسرت ہے، پاکستان نے کرونا کے دوران اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنائی، اور اس وقت ملک کرونا وبا کی تیسری لہر کا سامنا کر رہا ہے، ترقی پذیر ملکوں کے لیے فوری مہنگائی مالیاتی ریلیف فراہم کیا جائے۔
انھوں نے کہا آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک ترقی پذیر ملکوں کی مدد کریں، یہ دونوں ادارے ترقی پذیر ملکوں کے لیے مناسب فنڈز رکھتے ہیں، اس لیے ترقی پذیر ممالک کی معاشی حالت سدھارنے کے لیے مالیاتی ریلیف دیا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا دنیا کو درپیش موجودہ چیلنجز بہتر مستقبل کے لیے بہترین موقع ہیں، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ پہلے 10 ممالک میں شامل ہے، اور پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے 10 ارب درخت لگائے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔