پشاور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چین کا میرٹ سسٹم اتنا زبردست ہے کہ دنیا ڈری ہوئی ہے اس کو کون روکے گا، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ اسپتالوں میں امیر اور غریب میں کوئی فرق نہیں کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا انتظامیہ ، فیکلٹی ممبرز،ڈاکٹرز،نرسزکونئے بلاک کی مبارکباد دیتاہوں ، سرکاری اسپتال میں معیار، صفائی دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ، میں ،میری بہنیں ہم سب سرکاری اسپتال میں پیدا ہوئے، 60کی دہائی میں نجی اسپتال شروع ہوئے ، بدقسمتی سے 70کی دہائی کے بعد پاکستان میں تباہی ہوئی ، 60کی دہائی میں لوگ لندن جاکر علاج نہیں کراتے تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین میں میرٹ بیوروکریسی کا ایسا سسٹم ہے کہ دنیا کو پیچھے چھوڑ دیا، ماضی میں ہمارے ملک میں اچھا یا برا سینئر ہوتا تھاوہی اوپر جاتا تھا ، میرٹ کے بغیر دنیا کا کوئی بھی سسٹم نہیں چل سکتا، اللہ کی طرف سےسزا اور جزا کا قانون بھی ہمیں مواقع دیتاہے۔
عمران خان نے کہا اسپتالوں کی حالت زار بہتربنانے کیلئے اصلاحات جاری ہیں، جس معاشرے میں ظلم و ناانصافی ہوتی ہے وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتا، چین کا میرٹ سسٹم اتنا زبردست ہے کہ دنیا ڈری ہوئی ہے اس کو کون روکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ اسپتالوں میں امیر اور غریب میں کوئی فرق نہیں کیا جائے، ہمارے یہاں کلچر تھا کہ جو پیسہ نہیں دے سکتا اسے کیساتھ رویہ مختلف ہوتا تھا، جب مریض کیساتھ رویہ ٹھیک ہوتو آدھی بیماری میں اس کو آرام مل جاتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ شوکت خانم اسپتال کی کوئی مثال نہیں میرا ایمان ہے یہ ایک معجزہ ہے ، کسی ادارے میں انسانیت ہوتی ہے تو اس پر اللہ کی برکت آتی ہے ، رول ماڈل کم ہوتے ہیں ان کو دیکھ کر معاشرہ تبدیلی کی طرف جاتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ چیلنج یہ ہے کہ 5سال بعد بھی آپ اس سرکاری اسپتال کو کتنا اچھا رکھتے ہیں، ہیلتھ کارڈ سے سرکاری اور نجی دونوں اسپتالوں میں غریب علاج کراسکتا ہے۔