اشتہار

ملک سبزی اور گندم بیچ کر نہیں ، انڈسٹریز کی بنیاد پر آگے بڑھتے ہیں،وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک سبزی اورگندم بیچ کرنہیں،انڈسٹریز کی بنیادپرآگے بڑھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے انڈسٹریل پیکج کے حوالے سے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کرکٹ کےدورمیں سونے سے پہلے غلطیوں پر نظر دہراتا تھا ہمیشہ سوچتا ہوں حکومت میں آکر سب سے پہلے کیا کرنا چاہیے تھا، مجھے آتے ساتھ ہی بزنس کمیونٹی کو یہ پیکج دیناچاہیے تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک سبزی ، گندم بیچ کر آگے نہیں بڑھ سکتا، ملک انڈسٹریز کی بنیاد پر آگے بڑھتے ہیں، انڈسٹری اور مینوفیکچرنگ کے بغیر کوئی بھی ملک عظیم نہیں بن سکتا۔

- Advertisement -

وزیراعظم نے کہا کہ 55سال سے پہلے ملک بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا سمت درست تھی، بدقسمتی سے70کی دہائی میں نیشنلائزیشن کی وجہ سے صورتحال بدل گئی، حکومت کی کارکردگی کا تواتر سے جائزہ لیتاہوں، جب تک ملک کی دولت نہ بڑھے تو کیسے ملک آگے بڑھےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرافٹ میکنگ نہیں کرنے دیں گے تو ملک میں سرمایہ کاری نہیں آسکتی، صنعتی ترقی کی بنیاد سے ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے، ہم نے آتے ساتھ ہی فیصلہ کیا تھا کہ انڈسٹریلائزیشن پر توجہ دینی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی ماضی میں کوئی لانگ ٹرم پلاننگ نہیں تھی ، ریزروز کم ہونے پر ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے، اسمال اور میڈیم انڈسٹریز کےلئے بڑی اچھی پالیسی لیکر آئے ہیں، اسمال اور میڈیم انڈسٹریز ملک کی بنیاد ہوتی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رکاوٹیں ختم کردیں اب پاکستان بڑی تیزی سے اوپر جائے گا، ماضی میں برآمدات کے فروغ پر توجہ نہیں دی گئی ، میرا سب سے زیادہ تجربہ اوورسیز پاکستانی کیساتھ ڈیل کرنے کا ہے، شوکت خانم بنانے میں میری سب سے زیادہ مدد اوورسیز پاکستانیوں نے کی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اوورسیز میں چھوٹا بزنس مین بڑا بنتا گیا ،مگر وہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کرتےتھے، پاکستان میں اوورسیز کو ماضی میں بہت سی مشکلات کا سامنارہتاتھا، ہماری حکومت نے قبضہ گروپوں کیخلاف ایکشن لیا، اوورسیز پاکستانیوں کی آسانی کیلئے عدالتیں بنادی ہیں۔

انھوں نے دعوت دی کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری پر 5 سال کا ٹیکس ہولی ڈے ملےگا، جوائنٹ وینچر پر بھی اوورسیز اور پاکستانی انڈسٹری کو 5سال کا ٹیکس ہولی ڈے ملےگا، اوورسیز کااعتماد بڑھے گا تو پاکستان تیزی سےاوپر جائے گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ہم اوورسز پاکستانیوں کو پورا موقع دے رہےہیں کہ پیسہ لاکر سرمایہ کاری کریں، بزنس انڈسٹری پوری طرح پاکستان کی ترقی کیلئےمدد کرے گی، جو ملک اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہوتا دنیا اس کی عزت نہیں کرتی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ سے مانگتے ہیں تو وہ خوش ہوتا ہے مگر انسان کے آگے ہاتھ پھیلائیں گے تو وہ عزت نہیں کرتا، اللہ نے پاکستان کو ہر طرح کی نعمت دی کسی چیز کی کمی نہیں، ہم نے اللہ کی نعمتوں کی کبھی قدر نہیں کی۔

افغان جنگ کے حوالے سے انھوں نےکہا کہ امداد لے لو، افغان جنگ میں شرکت کرلو، امریکا کو برا بھلا نہیں کہناچاہیے ہم نے خود اپنے آپ کو ذلیل کیا، ہم اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے بجائے شارٹ کٹ کی طرف گئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی غلطی یہی تھی کہ ہم نے ایکسپورٹ پر زورنہیں دیا، ہم نے پاکستان کو انڈسٹریلائز کرنا ہے ہرقسم کی مراعات دینی ہیں، آزادخودمختار خارجہ پالیسی کیلئے خود انحصاری ضروری ہے، ماضی میں امداد سے معیشت کو چلانے کاآسان طریقہ اپنایاگیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں