پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

سعودی عرب کی دلچسپی کے پیش نظر سیاحت پر خصوصی توجہ دی جائے: وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سعودی عرب نے سیاحت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، لہٰذا پختونخواہ حکومت سیاحت پر خصوصی توجہ دے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ اراکین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان، چیف سیکریٹری، آئی جی اور دیگر افسران موجود تھے۔

- Advertisement -

ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کا مقصد دیگر علاقوں کی طرح سہولتیں دینا ہے، بدقسمتی سے ماضی میں قبائلی علاقے کے عوام کو نظر انداز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انضمام کو کامیابی سے آگے بڑھانا تحریک انصاف حکومت کی بڑی کامیابی ہے، حکومت نے انضمام شدہ علاقوں کے لیے ریکارڈ فنڈز مہیا کیے۔ انضمام شدہ علاقوں میں روزگار فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر اعظم نے قبائلی علاقوں میں کاروبار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سماجی و معاشی ترقی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے سیاحت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، پختونخواہ حکومت خصوصی توجہ دے تاکہ سیاحت کی استعداد بروئے کار لائی جاسکے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف پر عوام نے دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ہمارے اوپر زیادہ ذمے داری ہے کہ عوام کی بھرپور خدمت کریں۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم آج غیر متوقع طور پر پشاور میں موجود ہیں۔ وہ گزشتہ رات کراچی کے مختصر دورے کے بعد واپس دارالحکومت کے لیے روانہ ہوئے تاہم موسم خرابی کی وجہ سے اسلام آباد میں طیارہ لینڈ نہ کیا جاسکا اور طیارے کو پشاور کی جانب موڑ دیا گیا۔

وزیر اعظم گزشتہ رات پشاور میں رہے جبکہ آج وہ گورنر، وزیر اعلیٰ اور صوبائی ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں