جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

وزیر اعظم نے نوجوانوں کو دی جانے والی رقم میں بڑا اضافہ کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت دی جانے والی رقم میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر کے نوجوانوں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت دی جانے والی رقم بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔

پروگرام کے تحت اب نوجوانوں کو 50 لاکھ کی بجائے ڈھائی کروڑ روپے تک کی رقم ملے گی، اس سلسلے میں وزیر اعظم سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور معاون خصوصی عثمان ڈار نے آج ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کو بڑے کاروباری مواقع دینے کے لیے مزید سہولت فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔

میٹنگ میں رقم کی فراہمی کی زیادہ حد 50 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ تک کر دی گئی، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دی جانے والی رقم پر انٹرسٹ ریٹ 8 فی صد سے کم کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ حالات بہتر ہوتے ہی رقم کی تقسیم کا عمل تیز کیا جائے۔

کامیاب نوجوان پروگرام سے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ پورا ہوگا، عثمان ڈار

دریں اثنا، تمام بینکوں کو کامیاب جوان پروگرام میں شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی، وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مزید سہولت دیں تاکہ وہ بڑے کاروبار کر سکیں۔

وزیر اعظم نے کہا لاک ڈاؤن میں نرمی آتے ہی نوجوانوں کو کاروباری میدان میں آگے لایا جائے، نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں، ہم ان پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں گے، ملکی معیشت کو سنبھالنے میں نوجوانوں کا کردار بھی اہم ہوگا۔

خیال رہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، پروگرام کے تحت 1 سے 50 لاکھ تک کے چیک نوجوانوں کو دیے جانے تھے جس میں اب اضافہ کر دیا گیا ہے، پروگرام کے تحت فاٹا اور قبائلی اضلاع سمیت ملک بھر سے نوجوانوں کو رقوم کی ادائیگی ہوگی۔

اہم ترین

عبدالقادر
عبدالقادر
عبدالقادر پچھلے 8برس سے اے آر وائی نیوز میں بطور سینئر رپورٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے جڑی خبروں اور سیاسی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں