اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کو ملک گیر سطح تک پھیلایا جائے گا، احساس پروگرام کے ثمرات پورے پاکستان کوملیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت احساس پروگرام اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی جانب سے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن، وزیراعلیٰ کے پی محمود خان، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سمیت دیگر وفاقی وزرا شریک ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام کا مقصد پسے ہوئے طبقے کی زندگی کو بہتر کرنا ہے، حکومت نے احساس پروگرام کے لیے 190 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
مزید پڑھیں: احساس پروگرام کے تحت اس سال کئی اقدامات کیے جائیں گے: وزیر اعظم
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرض دیا جائے گا، پروگرام کے تحت بیروزگار نوجوانوں کو ہنر سکھائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لیے قومی گریجویشن پروگرام کا افتتاح کرکے خوش ہوں، یہ پروگرام احساس پروگرام کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت اس سال کئی اقدامات کیے جائیں گے، احساس پروگرام کا مقصد لاکھوں غریبوں کو پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ محروم طبقے کو وسائل، مخصوص فنڈز اور تربیت فراہمی کے ذریعے ان کو غربت سے نکالا جائے گا۔