جدہ : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا، اوورسیز پاکستانی ہماری ضرورت ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا اوورسیزپاکستانی ہماری ضرورت ہیں، ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر فوری شروع کررہے ہیں، گھروں کی تعمیر کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کیلئے مدعو کریں گے۔
عمران خان نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئےخصوصی ڈیسک بنائیں گے، کرپشن اورگڈگورننس نہ ہونےکےباعث ادارےتباہ ہوگئے، تباہ اداروں کی اصلاح ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ مافیااورقبضہ گروپ کےخلاف ایکشن لیاجارہاہے، صرف قبضہ گروپ سے300ارب کی زمینیں واپس لی ہییں، قوموں کی ترقی اداروں کےاستحکام سے وابستہ ہے۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک سعودی تعلقات کی اہمیت سے انکار نہیں کرسکتے، خیبرپختونخو اور ہزارہ میں بڑی یونیورسٹی تعمیر کی جائے گی، قوموں کی ترقی کا راز تعلیم میں پنہا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت سےبھی انکار نہیں کیا جاسکتا، ہم اوورسیز منسٹری کو قابل عمل بنارہے ہیں، ہماری حکومت کی گڈ گورننس پرتوجہ ہے، سیاحت کے شعبے کو متحرک کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا
یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں مدینہ منورہ ائیرپورٹ پرگورنرشہزادہ فیصل بن لمنان نے استقبال کیا تھا، وفاقی وزراٗ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، مشیر عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
عمران خان نے وفد کے ہمراہ روضہ رسولﷺ کی زیارت کی ، وزیراعظم کی آمد پر روضہ رسولﷺکے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے، عمران خان ریاض الجنہ میں نماز مغرب اور نوافل کی ادائیگی کے بعد جدہ روانہ ہوئے۔
بعد ازاں وزیراعظم نے مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا، بیت اللہ پہنچنے پر وزیراعظم کے لئے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، جہاں وہ وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، نوافل ادا کیےاور پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کے لئے دعائیں کیں۔