اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن صدر گوٹا بایارا جاپا کو یقین دہانی کرائی کہ پریانتھا کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف پوری قوت کے ساتھ مقدمہ چلایا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے سانحہ سیالکوٹ کی پیشرفت کے حوالے سے بیان جاری کیا اور بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں موجود سری لنکن صدر سے رابطہ کیا اور واقعے سے متعلق بات چیت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سیالکوٹ میں پریانتھا دیوا دانہ کے قتل پرپاکستانی عوام نے غم وغصےکا اظہار کیا اور اس کی مذمت بھی کی۔
انہوں نے بتایا کہ سری لنکن صدرکو 100سے زائد افراد کو گرفتار کرنےکی اطلاع دی اور یقین دہانی کرائی کہ ملزمان کے خلاف پوری قوت کے ساتھ مقدمہ چلایاجائے گا۔
قبل ازیں سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پکشے نے سیالکوٹ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم عمران خان وعدے کے مطابق تمام ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔
مزید پڑھیں: سانحہ سیالکوٹ : مقتول فیکٹری مینیجر کی اہلیہ اور بھائی کا بیان سامنے آگیا
انہوں نے کہا کہ پریانتھا کے قتل سے شدید صدمہ پہنچا، متاثرہ شخص کی اہلیہ اور خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل سیالکوٹ میں واقع وزیرآباد روڈ پر قائم لیدر فیکٹری میں گزشتہ 9 برس سے مینیجر کے عہدے پر کام کرنے والے سری لنکن شہری کو فیکٹری ملازمین نے توہین مذہب کے الزام میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور پھر لاش کو نذر آتش کردیا تھا۔
اس واقعے پر وزیراعظم عمران خان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نے مذمتی بیانات جاری کیے اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مقتول مینجر کو بچانے کی کوشش کرنے والا تنہا شخص کون تھا؟ ویڈیو سامنے آگئی
پنجاب پولیس نے واقعے میں ملوث 12 مرکزی ملزمان سمیت 100 سے زائد ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل ویڈیوز کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کرلیا ہے۔