اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چھوٹا کاروبار امدادی پیکج منظورکرلیا گیا ، جس کے تحت بیروزگار ہونے والوں کو فی کس بارہ ہزارروپے ماہانہ دیئے جائیں گے جبکہ چینی بحران پر انکوائری کمیشن کو مزید تین ہفتے کا وقت دینے کی منظوری بھی دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور متعدد کی منظوری دے دی گئی، کابینہ کو کورونا کی روک تھام کیلئے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی گئی جبکہ ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال پر بھی غورکیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے چھوٹےکاروبارکےلئے75ارب روپےکے پیکج کی منظوری دے دی ، پیکج کیلئے 75 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، بیروزگار ہونے والوں کو فی کس بارہ ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے، بیروزگارافراد کو ماہانہ پیکج کیلئے رجسٹریشن کرانا ہوگی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت چھوٹے کاروبار کیلئے 3ماہ تک بجلی کابل معاف کرے گی جبکہ کابینہ کو کورونا کی روک تھام کیلئے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں کورونا سے متاثر صحافیوں،صحافتی اداروں کی مالی امداد کے پیکج کی منظوری اور لمیٹڈکمپنیوں میں ڈائریکٹرز کی اسامیوں پرنامزدگیوں کی منظوری بھی دی۔
کابینہ نے کورونا وائرس پر قائم قومی تعاون کمیٹی کےفیصلوں کی توثیق کر دی اور معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ اور وزیراطلاعات شبلی فراز کو پہلا ٹاسک سونپ دیا گیا، وزیراعظم نے کہا کہ عاصم سلیم،شبلی فراز پیکج کے تحت امداد تقسیم کا طریقہ کار طے کریں۔
وفاقی کابینہ نے انکوائری کمیشن کو مزید وقت دینے کی منظوری دیتے ہوئے چینی بحران پر انکوائری کمیشن کو مزید3 ہفتے کا وقت دے دیا گیا۔