وزیر اعظم عمران خان کے چین کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا جبکہ دنیا کے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے سی پیک پر کام کی رفتار بڑھ جائے گا۔
یہ بات اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے چین کے دورے کا مرکزی نقطہ سی پیک پر کام کی رفتار بڑھانا ہے جو حکومت کی مالی مشکلات اور بیوروکریسی کی سستی کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔
شاہد رشید بٹ کا مزید کہنا تھا کہ بیوروکریسی نیب سے خوفزدہ ہے جس کی وجہ سے ملک بھر کی معیشت کی طرح سی پیک پر بھی کام کی رفتار متاثر ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر اعظم عمران خان اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے سربراہ مرزا محمد آفریدی کی جانب سے کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی او ران کے اعتماد کی بحالی کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
ان کی بے اطمینانی کی وجہ سے معیشت کی افزائش بری طرح متاثر ہوئی ہے جس سے لاکھوں افراد بے روزگار اور بہت سے فیکٹریاں بند ہو گئی ہیں۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان چین کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوگئے
واضح رہے کہ ملک کی خوشحالی، خطے کے امن اور مسئلہ کشمیر کو عالمی فورم پر اجاگر کرنے کے مشن پر وزیراعظم عمران خان آج تین روزہ دورے کیلئے چین کیلئے روانہ ہوگئے۔
دورے کے دوران معیشت اور اقتصادیات کے ساتھ مسئلہ کشمیر بھی زیربحث آئے گا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ چین میں ایم ایل ون کا بھی فیصلہ ہوگا، معیشت اور اقتصادیات کے ساتھ مسئلہ کشمیر بھی زیربحث آئے گا، اس دوران معیشت سے متعلق اہم فیصلے ممکن ہیں۔