اسلام آباد: ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان گندم کی فصل کوپہنچنے والے نقصان سے آگاہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بارشوں سے ہونے والی اموات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان وزیراعظم کا کہنا ہے کہ وزیراعظم گندم کی فصل کوپہنچنے والے نقصان سے آگاہ ہیں، اس ضمن میں حکومت اورمتعلقہ ادارے اپنا ہرممکن کردار ادا کریں گے۔
ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومت متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
بارشوں کے حالیہ سلسلے نے پنجاب میں گندم کی فصل کو شدید متاثر کیا ہے، کٹائی میں تاخیر اور پیداوار میں ممکنہ کمی پرکاشتکار پریشان ہیں۔
رواں سال پنجاب میں گندم کی فصل ایک کروڑ سڑسٹھ لاکھ ایکڑ پرکاشت کی گئی جس سے دو کروڑ ٹن پیداوار کا ہدف مقرر کیا گیا۔
کاشت کاروں کا کہنا ہے کہ گندم کی فصل کے نقصان کو صرف اس صورت میں پورا کیا جاسکتا ہے اگر حکومت متاثرہ علاقوں میں ریلیف فراہم کرے۔
دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں موسلادھار بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔
حادثات اور چھتیں گرنے کے واقعات میں اموات کی تعداد 39 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 135 افراد زخمی ہوئے ہیں۔