اسلام آباد: سینیٹ انتخابات 2021 کے سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان بھی متحرک ہو گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے آئندہ 3 روز پارلیمنٹ چیمبر میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اگلے 2 روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ارکان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ملاقاتوں میں ارکان اسمبلی کے مسائل سنیں گے اور ان کے خدشات دور کریں گے۔
دریں اثنا، سینیٹ انتخابات کے باعث ہفتہ وار کابینہ اجلاس بھی مؤخر ہونے کا امکان ہے۔
ادھر سابق صدر آصف علی زرداری بھی کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، ذرائع نے کہا ہے کہ آصف زرداری سینیٹ انتخابات تک اسلام آباد میں قیام کریں گے، اور سینیٹ الیکشن پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔
‘سیاست انگڑائیاں لے رہی، حکومتی صفوں میں کھلبلی مچی ہے’
ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سینیٹ الیکشن کی حکمت عملی کو حتمی شکل دیں گے، سابق صدر نے یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں کامیابی کے لیے امید کا اظہار بھی کیا۔
آصف زرداری کی مولانا فضل الرحمان اور پی ڈی ایم کے دیگر رہنماؤں سے ملاقات کا امکان ہے، وہ اسلام آباد میں طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔
آج پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ جا کر ان سے ملاقات کی تھی، بلاول کے ہمراہ یوسف رضاگیلانی اور فرحت اللہ بابر بھی تھے۔ اس ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور سینیٹ الیکشن پر تبادلہ خیال ہوا۔