اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے دو لاکھ پاکستانیوں کی دیکھ بھال اور کرونا جیسے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر قطر کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں افغانستان سمیت خطے کی صورت حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات سمیت افغانستان کی صورت حال پر تفصیلی گفتگو کی اور سیاسی و اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کرونا کی صورت حال میں قطر کی جانب سے کی جانے والی مدد کو سراہا اور کہا کہ ’قطری حکومت کی 2 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی دیکھ بھال قابل تعریف ہے‘۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا محمد بن سلمان سے رابطہ، سعودی سالمیت کے عزم کا اعادہ
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اورخطےکے مفاد میں ہے،عدم استحکام کے بعدافغانستان میں پائیدار امن قائم کرنےکا موقع ہے،عالمی برادری افغانستان کی تعمیرنومیں مثبت کرداراداکرے‘۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ باہمی دلچسپی، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر رابطےمیں رہنے پر اتفاق کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد اور ابو ظہبی کے ولی عہد سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔