اسلام آباد : صوبہ پنجاب کے شہر راجن پور میں وزیراعظم عمران خان آج صحت کارڈ کا افتتاح کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر آج راجن پور پہنچیں گے جہاں وہ صحت کارڈ کا افتتاح کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزداربھی ہوں گے، تقریب کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
حکومت کی اس اسکیم کے تحت پہلے مرحلے میں 15 ہزارسے کم آمدنی والے افراد میں صحت کارڈ دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے رواں ماہ 4 فروری کو ملک بھر میں صحت انصاف کارڈ اسکیم کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے صحت انصاف کارڈ کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا
عمران خان نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ صحت کارڈ اسکیم کا مقصد غریب طبقے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک تب تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک وہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری نہیں لاتا، ہماری حکومت ان شعبوں میں بہتری لانے کے لیے کوششیں کررہی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے کہ تمام دستیاب وسائل کو بروکار لایا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ میں اپنے دور حکومت کے دوران ایسی ہی ایک اسکیم کا آغاز 2016 میں کیا تھا۔