اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں گلوبل فنڈز نے پاکستان میں جاری سرمایہ کاری 300 ملین ڈالر تک لے جانے کا اعلان کردیا ، جس کا عمران خان نے خیر مقدم کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے گلوبل فنڈز کےعہدیداران کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں مشیربرائےقومی صحت ظفرمرزااوراعلی حکام نے شرکت کی، اس موقع پر گلوبل فنڈز نے پاکستان میں جاری سرمایہ کاری 300 ملین ڈالر تک لے جانے کا اعلان کیا۔
وفد نے بریفنگ میں بتایاکہ گلوبل فنڈ پاکستان میں صحت کےمختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہا ہے اور ایچ آئی وی،ملیریااور تپ دق کےتشخیصی یونٹ قائم کرےگا، اسکریننگ کے غیر موثر نظام کے باعث ٹی بی کے کیسز کاعلاج نہیں ہو پاتا جبکہ ٹی بی کی مؤثرتشخیص کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔
وزیر اعظم عمران خان نےگلوبل فنڈزکی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تمام طبقات کومعیاری صحت کی فراہمی پرتوجہ دےرہےہیں، احساس پروگرام کےتحت نجی اسپتالوں کوبھی پینل میں شامل کیاہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان کےبعض علاقوں میں ٹی بی تشخیص پراستعدادبڑھانےکی ضرورت ہے، وزیر اعظم نےوفدکومجوزہ اقدام پرعمل کےلیےہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے گذشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ہوچی سن پورٹ ہولڈنگ کمپنی نے پاکستان میں 240 ملین ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا، نئی سرمایہ کاری سے 3ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
اس سے قبل مصر کی کمپنی ال سویدی الیکٹرک کا شعبہ توانائی میں 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا تھا ، جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا بھرپور کوشش ہے کہ شعبہ قابل تجدید توانائی کو فروغ دیا جائے۔