جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

پی ٹی آئی حکومت نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ملک میں پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021 لاگو کردیا گیا ، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ایکٹ لاگو ہونے سے سالانہ 500 ملین ڈالر اور تجارتی سامان کی ترسیل کے وقت میں بچت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت نے اصلاحاتی عمل میں ایک اور سنگ میل عبورکرلیا ہے ، پاکستان سنگل ونڈوایکٹ2021 کے تحت درآمدات اور برآمدات کی راہ ہموار ہوگی ، سنگل ونڈوایکٹ لاگو ہونے سے سالانہ 500 ملین ڈالر اور تجارتی سامان کی ترسیل کےوقت میں بچت ہوگی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کسٹمز، بینک، بندرگاہ حکام، شپنگ کمپنیاں، بروکرز جیسے محکموں کوہم آہنگ کیاجائےگا اور آزاداتھارٹی پاکستان سنگل ونڈوآپریشن کاانتظام دیکھے گی، پاکستان سنگل ونڈو ملک کے تجارتی مرکز بننے کے امکانات کو کھولے گا۔

یاد رہے 3 روز قبل صدر مملکت نے پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021 پر دستخط کئے تھے ، پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ کے تحت تجارت میں آسانی کے لیے خود مختار ادارہ قائم کیا جائے گا، جس کے بعد درآمدات، برآمدات، اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے سہولتیں ایک ہی نظام میں میسر ہوں گی۔

ایکٹ کے تحت اس ادارے کے قیام سے کاروباری اخراجات میں کمی ہوگی، سرحد پار تجارت آسان بنانے اور سامان کی تیز تر ترسیل میں مدد ملے گی، ڈیٹا کی بر وقت پراسیسنگ، اور معیاری خدمات میں بہتری آئے گی۔

پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ کے تحت قائم ادارہ گورننگ کونسل اور سیکریٹریٹ پر مشتمل ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں