تازہ ترین

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری خبر

اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری...

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

صدر مملکت اور وزیر اعظم سے برطانوی شاہی جوڑے کی ملاقات

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی شاہی جوڑے کا وزیر اعظم ہاؤس آمد پر استقبال کیا اور ان سے ملاقات کی، شاہی جوڑے کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن وزیر اعظم ہاؤس پہنچا جہاں وزیر اعظم عمران خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے شاہی جوڑے کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ ظہرانے میں معاون خصوصی زلفی بخاری، فردوس عاشق اعوان، ثانیہ نشتر، وفاقی وزیر شیریں مزاری اور شفقت محمود بھی موجود تھے۔

اس سے قبل شاہی جوڑا ایوان صدر پہنچا جہاں ان کی ملاقات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول سے ہوئی۔ شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اس موقع پر ڈوپٹے کے ساتھ سبز لباس زیب تن کیا۔

ملاقات کے دوران صدر مملکت نے شاہی جوڑے کی صحت، موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے خاتمے کی کاوشوں کو سراہا۔ شہزادہ ولیم نے پر تپاک مہمان نوازی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

شاہی جوڑے نے حکومت پاکستان کے موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے خاتمے کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔

خیال رہے کہ شاہی جوڑا 5 روزہ دورے پر گزشتہ رات پاکستان پہنچا تھا۔ نور خان ایئر بیس پر شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا تھا۔

آج صبح شاہی جوڑے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ماڈل کالج فار گرلز کا دورہ کیا تھا۔ اسکول کے دورے کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن بچوں میں گھل مل گئے اور اسکول میں ریاضی کی کلاس کا معائنہ کیا۔

برطانوی شاہی جوڑے نے اسکول کے مختلف حصے دیکھے۔ اس دوران انہیں پاکستان میں نظام تعلیم سے متعلق بریف کیا گیا۔

بعد ازاں جوڑے نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان کو لاحق موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور اس سے نمٹنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

یاد رہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، یہ دورہ برطانوی شاہی خاندان کے افراد کی جانب سے 13 سال بعد کیا جارہا ہے۔

Comments

- Advertisement -