تازہ ترین

خیبرپختونخواہ میں تبدیلی ہم لے کرآئیں گے،نوازشریف

کوہاٹ: وزیراعظم نوازشریف کا کہناہے کہ خیبرپختونخواہ کتنا تبدیل ہوا ہم جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں تبدیلی ہم لے کر آئیں گے۔

تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخواہ کے شہر کوہاٹ میں 3.9 ارب روپے کے گیس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کتنا تبدیل ہوا ہے یہ کوہاٹ کے لوگ جانتے ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھاکہ عباس آفریدی نےجب ن لیگ میں شمولیت اختیار کی تو میں نے انہیں مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ کوہاٹ کی عوام کے لیے تحفہ لے کر آؤں۔

نوازشریف کا کہناتھا کہ کوہاٹ کے عوام کا جوش و خروش دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔دوران خطاب وزیراعظم کا کہناتھا کوہاٹ میں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنانے کا اعلان کرتا ہوں۔

وزیراعظم کا کہناتھا کہ کوہاٹ کے غریب لوگوں کےلیے مفت علاج کا منصوبہ لا رہے ہیں،کسی کو علاج کےلیے اسلام آباد، پشاور، کراچی یا لاہور نہیں جانا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ علاج کرانے کی طاقت نہ رکھنےوالوں کا مفت علاج کرائیں گے،اب علاج کرانےکےلیےلوگ اپنی جائیدادیں بیچتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہناتھاکہ آج پاکستان بھر میں ترقیاتی عمل بہت تیز ہے،ملک میں سڑکیں، موٹرویز اور ہائی ویز بن رہی ہیں۔پاکستان اللہ کے فضل سے ترقی یافتہ ملک بننے جارہاہے۔

توانائی کے بحران پر نوازشریف کا کہناتھا کہ 2018 میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ختم کردیا جائےگا۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے ضلع کوہاٹ کی مختلف یونین کونسلوں کو گیس سپلائی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھاتھا،اس گیس منصوبے پر 3 ارب 81 کروڑ لاگت آئے گی۔

واضح رہے کہ اس گیس منصوبے سے کوہاٹ کی یونین کونسل خوشحال گڑھ اور چورلکی، استرزئی، شاہ پور، شیر کوٹ، نصرت خیل، علی زئی اور ڈھوڈہ کے عوام کو گیس فراہم ہوگی۔

Comments

- Advertisement -