اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا کہ چین ایک عالمی طاقت اور دنیا کی رہنمائی کرنے والا ملک ہے اور ہم اس کے ساتھ سی پیک منصوبے پر کام کرنے پر فخر کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چینی صدر شی جن پنگ کی کتاب کے اردو ایڈیشن کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے تقریب سے خطاب کیا۔
PM #NawazSharif stresses need to use all instruments of diplomacy to resolve conflicts peacefully around globehttps://t.co/whOyx2iENh pic.twitter.com/ItzXpdwIJp
— Govt of Pakistan (@pid_gov) April 14, 2017
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں چین کی ترقی و خوشحالی سے سبق سیکھنا چاہیئے۔ ہمیں چین کے ساتھ مل کر اقتصادی راہداری منصوبے پر کام کرنے پر فخر ہے۔ اس منصوبے سے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک اتحاد کی علامت ہے جس سے کسی کو خطرہ نہیں۔ کئی ممالک نے سی پیک میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
جیکب آباد کا دورہ
یاد رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف آج صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد کا دورہ کریں گے جہاں وہ نمائش گراؤنڈ میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اس موقع پر ترقیاتی منصوبوں، ہیلتھ کارڈ اور عوام کی فلاح کے لیے دیگر منصوبوں کا اعلان کریں گے۔
جیکب آباد میں وزیر اعظم کے دورے اور جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور نمائش گراؤنڈ میں کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔ جلسے کے لیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔