اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کردی اور کہا آئیں بیٹھیں ہم ہاؤس کمیٹی بنانے کیلئے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات کیلئے سازگارماحول فراہم کیا،پی ٹی آئی سے مذاکرات کی آفرکودل سےقبول کیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ مذاکرات شروع ہوئےکمیٹی نےمطالبہ کیاآپ لکھ دیں، ہماری کمیٹی نےبھی کہاہم بھی لکھ کرجواب دیں گے لیکن 28 جنوری کی میٹنگ سے پہلے پی ٹی آئی نے انکار کردیا اور بھاگ گئے۔
انھوں نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے گریبان میں جھانکیں، آئیں بیٹھیں ہم ہاؤس کی کمیٹی بنانے کو تیار ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2018 میں بھی جوڈیشل کمیشن نہیں بلکہ ہاؤس کی کمیٹی بنائی گئی تھی ، 2018 کے الیکشن کے بعد احتجاجاً کالی پٹی باندھ کر پارلیمنٹ میں گیا تھا ، بانی پی ٹی آئی نے 2018 میں کہا ہم کمیٹی بنا رہے ہیں، میں نے بانی پی ٹی آئی سے کہا آپ اعلان کردیں ہم کمیٹی بنا دیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ اس کمیٹی کاایک آدھ اجلاس ہواہوگا اس کے بعد کچھ نہیں ہوا، 2018 اور 2024 پر ہاؤس کمیٹی بنے ہم تیار ہیں جبکہ چھبیس نومبر کی بات کرتے ہیں تو پھر2024 کے دھرنوں پر بھی ہاؤس کمیٹی بنے۔
شرح سود کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کی ہے، میرے حساب سے شرح سود میں 2 فیصد کمی ہونی چاہئے تھی، دن رات کاوشیں کررہےہیں پاکستان کی ترقی کاخواب ضرورشرمندہ تعبیر ہوگا۔
انسانی اسمگلنگ سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ ہیومن ٹریفکنگ کے حوالے سے کافی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، اس کالے دھندے کے نتیجے میں پاکستان کے امیج کو نقصان پہچانے کی کوشش کی گئی، گھر کو لگ گئی آگ گھر کے چراغ سے، میں خود اس کیس کو فالو کر رہا ہوں، جنہوں نے پاکستان کو بدنام کرنے میں کسر نہیں چھوڑی انہیں انجام کو پہنچائیں گے۔