پیر, فروری 3, 2025
اشتہار

سانحہ اے پی ایس: پاکستانی قوم اپنے شہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہر سال 16 دسمبر کا دن پوری قوم کو کرب اوردکھ کی یاد دلاتا ہے، پاکستانی قوم اپنے شہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ اے پی ایس کے 8 سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا کہ 16 دسمبردہشت گردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے، دنیاکیلئےپیغام ہےکہ پاکستان نےدہشت گردی کے خاتمے کے لئے عظیم قربانیاں دیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہماری جدوجہد جاری ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال 16 دسمبر کا دن پوری قوم کو کرب اوردکھ کی یاد دلاتا ہے، دہشت گردوں نے اے پی ایس پشاور میں ظلم کی داستان رقم کی، برسوں بعد بھی غم ہے کہ بھلایا نہیں جاتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا سےعقیدت اور لواحقین کا غم بانٹنےکا دن ہے، پاکستانی قوم اپنے شہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

دوسری جانب وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سانحہ اے پی ایس کےشہدا کی آٹھویں برسی پر پیغام میں کہا کہ 8برس گزرنے کے باوجود آج بھی ہم سانحہ اےپی ایس کو نہیں بھول سکے، بزدل شرپسندعناصر نےقوم کے مستقبل، نہتےکم سن بچوں پرحملہ کیا تھا،بزدل شرپسندوں نےبچوں کوشہیدکیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس دن کو یاد کر کے کوئی اپنے آنسو نہیں روک سکتا، سانحہ اے پی ایس کے شہدا نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، 16 دسمبرکا دن اےپی ایس کےشہداکی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم نےدہشتگردی کوشکست دینے کے لئے طویل سفر طے کیا، ہم پاکستان میں دیرپا امن اورترقی کی جانب گامزن ہیں، دعا ہے اللہ اے پی ایس کےشہدا کے درجات بلند اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں