ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لے لیا

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے انہیں 180 اراکین نے اعتماد کا ووٹ دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے ان پر ایوان کے 180 اراکین نے اعتماد کا اظہار کیا۔ رائے شماری کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے نتیجے کا اعلان کیا۔

اس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوا تو وزیر خارجہ اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کی قرارداد پیش کی جس پر اسپیکر نے کہا کہ ایوان میں اعتماد کے ووٹ کی قرارداد پیش ہو چکی ہے اس لیے اراکین اعتماد کے ووٹ کیلیے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو جائیں۔

قومی اسمبلی نے وزیراعظم پر اعتماد کی قرارداد منظور ہونے اور اسپیکر کی جانب سے نتیجے کا اعلان ہونے کے بعد شہباز شریف نے فرداً فرداً ہر رکن کی نشست پر جاکر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر راجا ریاض سے مصافحہ بھی کیا۔

اسپیکر نے اعتماد کا ووٹ دینے والے اراکین کے نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر ڈالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آج مرحوم مفتی عبدالشکور ہوتے تو اعتماد کے ووٹ کا فیگر 181 ہوتا۔

 

واضح رہے کہ الیکشن سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے وزیراعظم کے پاس اکثریت نہ ہونے کی آبزرویشن دی تھی اور کہا تھا کہ وزیراعظم کو اعتماد کے ووٹ کیلئے بھی سادہ اکثریت 172 اراکین کی ضرورت ہے، اعتماد کا ووٹ اوپن ووٹنگ کے ذریعے ہوگا۔

24 اپریل کو وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے الیکشن فنڈز بل کثرت رائے سے مسترد ہونے کے بعد ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

جب کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے 176 سے زائد ایم این ایز نے شرکت کی تھی۔

ظہرانے کی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے اور اتحادی اراکین اسمبلی سے خطاب میں ملک کی مجموعی صورتحال پر کھل کر اظہار خیال کیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں الیکشن ایک ہی روز ہوں گے، پارلیمنٹ سپریم ہے اس کا فیصلہ قبول کرنا ہو گا۔ حکومت ہر معاملے پر پارلیمنٹ کے فیصلوں پر عمل یقینی بنائے گی، پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں