ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ آج ہم سب مل کر ماں کےعظیم رشتے کوسلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں ماں سے زیادہ مخلص رشتہ کوئی نہیں، اللہ تعالی نے انسان سے اپنی محبت کے تعارف کا ذریعہ ماں کو بنایا، اللہ تعالی ٰنے جنت ماں کے قدموں تلے رکھ دی۔
انہوں نے کہا کہ ماں کی خدمت دراصل انسان کے کردار کی گواہی ہوتی ہے، آئیے ماؤں کی خدمت کرکے دنیا اورآخرت سنوار لیں کیونکہ ہرانسان کی کامیابی کے پیچھے اس کی ماں کی دعا اہم ذریعہ ہوتی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی ماؤں کو بھی خاص سلام پیش کرتے ہیں، فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں کئی ماؤں کے بیٹے شہید کردیے گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مدرٹریسا اور ڈاکٹر رتھ فاؤ اور محترمہ بلقیس ایدھی جیسی عظیم ماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اللہ تعالی ٰہماری مرحوم ماؤں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔
انہوں نے کہا کہ میری عظیم والدہ نے ہمیں اللہ رسول، اسلام اور پاکستان سے محبت کرنا سکھایا، زندگی میں مشکلات کا مقابلہ کرنے کاحوالہ دیا،عاجزی و انکساری سکھائی، آج میں جو کچھ بھی ہوں اپنے والد اور والدہ کی تربیت کی بدولت ہوں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ جن کی مائیں سلامت ہیں وہ اُن کی دل و جان سے خدمت کریں، ماں کا رشتہ ایک سانجھا اور عظیم رشتہ ہے۔