اتوار, جنوری 5, 2025
اشتہار

فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آگیا ہے، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ افغانستان سے گھس بیٹھیئے پاکستان میں کارروائیاں کررہے ہیں، فتنہ الخوارج کا مکمل خاتمہ کرنے کا وقت آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت نیشنل ایپکس کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا۔

اجلاس میں اعلیٰ عسکری وسول قیادت بھی ایپکس کمیٹی اجلاس میں شریک ہوئی جبکہ وفاقی وزرا، وزرائے اعلیٰ اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

- Advertisement -

اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کے نتائج پر غور ہوا، ساتھ ہی پاک افغان سرحدی امور،خوارج کےخلاف آپریشنز کا معاملہ زیر بحث آیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کل پاکستان نےسیکیورٹی کونسل کےبطورغیرمستقل رکن اپنی ذمہ داری سنبھالی ، پاکستان 2سال تک سیکیورٹی کونسل میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کے حوالے سے پنجاب دیگر صوبوں سے آگے ہے، سرحدپار سے چند دن پہلے حملہ ہوا جس کا منہ توڑجواب دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے بعض علاقوں میں گھس بیھٹیےموجودہیں، فنتہ الخوارج کا مکمل صفایہ کرنے کا وقت آچکا ہے، افغانستان سے گھس بیٹھئے پاکستان میں کارروائیاں کررہےہیں اور پاکستان میں دہشت گردوں کے سہولت کار بیٹھے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل دہشتگردی کرنیوالے پاکستان سے باہر دوست نما دہشت گرد بیٹھے ہیں، پاکستان کیخلاف باہر سے بیٹھ کر سوشل میڈیا پر مہم چلائی جارہی ہے اور سوشل میڈیا پر حقائق مسخ کرکے پاکستان کیخلاف جھوٹ کو پھیلا جا رہا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر مہم کیخلاف وفاق اور صوبوں میں کوششیں کررہے ہیں، ہمارے رینجرز شہید ہورہےہیں اور سوشل میڈیا پر جھوٹے بیانیے بنائےگئے، یہ ہماری ماؤں کے سپوت ہیں جو پاکستان کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کررہےہیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں شہید ہونیوالوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سب نےدیکھا اسلام آباد پر جو چڑھائی ہوئی اس کو سوشل میڈیا پر کیسے اٹھایا گیا، اسلام آباد پرچڑھائی کے وقت رینجرزاہلکاروں سے متعلق جوباتیں کی گئیں وہ افسوسناک ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں