اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے آج آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) طلب کرلی، اس موقع پر بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی اور دیگر امور پر غور و خوص کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاک بھارت کشیدگی اور دیگر ملکی مسائل پر بات چیت کیلیے وزیر اعظم شہباز شریف نے آج آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) طلب کرلی۔
آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد دن 12 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا، جس میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور دیگر اہم قومی معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو یومِ معرکۂ حق منانے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یومِ معرکۂ حق ہر سال 10 مئی کو ملک بھر میں قومی یکجہتی کے جذبے سے منایا جائے گا، ہماری بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 16 مئی کو بھی ایک دن مخصوص کرنے کا اعلان کیا ہے، تاکہ افواجِ پاکستان کو شاندار کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا جائے اور اللہ تعالیٰ کے حضور شکر ادا کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمعے کے دن خصوصی دعائیں کی جائیں گی، جو یومِ تشکر کے تسلسل کا حصہ ہوں گی، اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے اللہ سے مدد مانگی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر میں 22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ لے کر بزدل دشمن بھارت نے 7 مئی کو رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا تھا۔ میزائل اور ڈرون حملوں میں 26 سے زائد معصوم پاکستانی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم کا ہر سال 10 مئی کو ’’یوم معرکہ حق‘‘ منانے کا اعلان
پاک فوج نے اس کے ردعمل میں دفاع وطن کے لیے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کا غرور سمجھے جانے والے رافیل طیاروں سمیت 6 جنگی طیارے اور اسرائیلی ساختہ تمام ڈرونز مار گرائے لیکن جب بھارت کا جنگی جنون ختم نہ ہوا تو 10 مئی کی علی الصباح بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا اور چند گھنٹے میں ہی بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔