تازہ ترین

وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں کیخلاف کارروائی کی منظوری دیدی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان سے قبل ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی منظوری دے دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اشیا خوردونوش کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں انہوں نے وفاق، صوبوں میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کے لیے فری ہینڈ دے دیا۔

وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ گندم سمیت اشیائے خوردونوش کی کہیں بھی قلت نہیں ہے، شہباز شریف نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کی کمی نہیں تو پھر مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں ہورہا ہے؟

انہوں نے ہدایت کی کہ وفاق اور صوبوں میں سستے رمضان بازار لگائے جائیں، عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے والے منافع خوروں کو پکڑیں اور جو عوام کو تنگ کرے قانون اسے گرفت میں لے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ منافع خوروں، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں رمضان سے پہلے گوداموں، دکانوں میں آپریشن کلین اپ کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اشیا کی طلب اور قیمتوں میں گڑ بڑ ہوئی تو متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہوگی، ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز پر معیاری اشیا کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے جبکہ رمضان بازار میں قیمت کنٹرول کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔

Comments

- Advertisement -