جمعہ, دسمبر 20, 2024
اشتہار

وزیراعظم سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، مدارس بل کے معاملات جلد حل کرنے کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو مدارس کے معاملات جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروادی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی جس میں مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر کامران مرتضیٰ موجود تھے۔

ملاقات میں پیپلزپارٹی رہنما راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے، اس کے علاوہ حکومت سے ایاز صادق، اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، عطا تارڑ، رانا ثنا اللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی شریک تھے۔

- Advertisement -

شہباز شریف نے معاملات جلد حل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزارت قانون معاملے کے حل کے لیے آئین، قانون کے مطابق اقدامات کرے۔

دوسری جانب وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانافضل الرحمان کا کہنا تھاکہ مدارس سے متعلق بل پروزیراعظم نے بات چیت کیلئے ملاقات کی دعوت دی اور ہم نے اپنا مؤقف ملاقات میں دہرایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح کیا دونوں ایوانوں سے بل منظور ہونے کے بعد ایکٹ بن چکاہے، اگر صدر نے اعتراض کرنا ہے تو ایک اعتراض ہوچکا جس کا جواب اسپیکر نے دے دیا، صدرمملکت نےجو دوسرا اعتراض بھیجا وہ آئینی طور پر بنتا ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ صدرمملکت نے اسپیکر کے جواب پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، دوسرا اعتراض آئینی مدت گزرنے کے بعد بھیجا گیا جو ابھی تک اسپیکر کے دفتر تک نہیں پہنچا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ہمارے مؤقف کا انتہائی مثبت جواب دیا گیا اور وزیراعظم نے وزارت قانون کو فوری ہدایات کیں کہ قانون و آئین کے مطابق عملی اقدامات کریں، اس کے بعد امید ہے آئین و قانون کےمطابق عملی اقدامات ہمارےمطالبات کے مطابق ہونگے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر مملکت کی جانب سے پارلیمنٹ سے پاس ہونے والے مدارس رجسٹریشن بل پر اعتراضات لگائے گئے، صدر مملکت نے اعتراض کیا کہ بل کے قانون بننے سے مدارس اگر سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹر ہوں گے تو ایف اے ٹی ایف اور جی ایس پی سمیت دیگر پابندیوں کا خدشہ ہے، مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹیز ایکٹ کے ذریعے شروع کی گئی تو قانون کی گرفت کم ہوسکتی ہے پھر قانون کم اور من مانی زیادہ ہوگی۔

اس حوالے سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو ڈیڈ لائن دی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں