وزیراعظم شہباز شریف کی یو اے ای کے صدر سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں دو طرفہ تعاون اور علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورے پر ہیں جہاں ان کی یو اے ای کے صدر سے ملاقات ہوئی جس میں اقتصادی اور ترقیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا اور پاکستان میں اماراتی سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں خطے اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال، امن و استحکام کی کوششوں پر زور دیا گیا۔
شہباز شریف نے پاکستان کے لیے امارات کے تعاون اور ترقیاتی منصوبوں کو سراہا ہے۔
اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’ان ملاقاتوں میں وزیراعظم، یو اے ای کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔‘
’یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں اشتراک کو وسعت دینے کے لیے اہم موقع فراہم کرے گا۔‘
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور امارات کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔‘