تازہ ترین

زرعی مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایت

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے زرعی شعبے کے مسائل کے حل کے لیے پیکج کو جلد حتمی شکل دینے اور متعلقہ فیصلوں کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے زرعی شعبے کے مسائل کے حل کے لیے پیکج کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سبسڈی پیکج پر صوبوں کے ساتھ مشاورت کی جائے، اضافی پیداوار کے لیے خوردنی تیل کے بیج پر بھی سبسڈی دی جائے۔

انہوں نے کسان پیکج سے متعلق فیصلوں کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ملک میں ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ کیا تھا۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی تھی کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کسانوں کو ضروری سہولیات فراہم کرے اور کسانوں کو کم لاگت پر بروقت معیاری بیج اور کھاد کی فراہمی یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کسانوں کو جدید مشینری اور قرضوں میں سہولت کی فراہمی یقینی بنائے گی اور گندم اور زرعی اجناس کو ذخیرہ کرنے کے لیے سائیلوز کی تعمیر پر کام کرے گی۔

Comments

- Advertisement -