اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے قوم کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے عزم کیا ہے کہ 2023 میں ملک کو معاشی و سیاسی استحکام کی طرف لے جائیں گے۔
وزیر اعظم نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ 2023 کو انسانیت کی فلاح و بہبود، نئے سال میں پاکستان کو سماجی بہتری کی منزل کی طرف لے کر جائیں گے، 2022 پاکستان کے لیے تلخ و شیریں ثابت ہوا، سیلاب کی تباہ کاریوں نے عوام کے مسائل اور تکالیف میں اضافہ کیا، 3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین کی زندگیوں میں اجالے کی کوشش کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا: ’دعا ہے نیا سال دہشت گردی اور مہنگائی سے نجات کا سال ہو۔ دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت ہمہ جہت چیلنجوں کا سامنا ہے۔ نئے سال کو بہتر مستقبل کی پائیدار بنیاد بنانے کے لیے استعمال کرنا ہوگا۔‘
’عہد کرتے ہیں کہ عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے دن رات کام کریں گے۔ نئے سال کو اپنے نوجوانوں کے لیے مواقع کا سال بنائیں گے۔ دعا ہے نیا سال مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو۔‘
انوہں نے کہا کہ نئے سال کے موقع پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے۔