اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فسادیوں کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، آرمی چیف نے اسلام آباد میں لشکر کسی سے نمٹنے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کے بعد ان فسادیوں ملک دشمنوں کو مزید موقع نہیں دینا، کل جو اسلام آباد میں فساد برپا کیا گیا اس کا احسن طریقے سے خاتمہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، کل فسادیوں کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ بھی نیچے چلی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک طرف ترقی کی بات ہورہی ہے تو دوسری جانب جنگ کا ماحول بنا ہوا تھا ان فسادیوں کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگر 9 مئی کے ملزمان کو بروقت سزائیں ملتیں تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ ایک شخص اپنی ذات کے لیے پاکستان کو قربان کرنے کے لیے تلا ہوا ہے، اس ہاتھ کو توڑ دیں گے جو پاکستان کو قربان کرنا چاہتا ہے، صحافیوں پر تشدد اور حملے سیاست نہیں فسطائیت ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ تحریک نہیں تخریب کاری ہے ہمیں اس سے متعلق بیٹھ کر سوچنا ہوگا، سیاست میں فتنے اور تخریب کاری کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی، ایسی تخریب کاری اور فتنے کا ہمیں ہر صورت خاتمہ کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی پارٹی نے بھی اسلام آباد پر چڑھائی کا کبھی تصور بھی نہیں کیا، احتجاج کی وجہ سے 190 ارب روپے کا یومیہ نقصان پہنچا، اپنے ذاتی مفاد کے لیے قوم کو نقصان پہنچانا سب سے بڑا جرم ہے۔