اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک میں ہرجگہ بارش اور سیلاب نے تباہی مچائی ہے، تقریباً3 کروڑ سے زائد پاکستانی سیلاب کی زد میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا آج پاکستان کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ملک میں ہرجگہ بارش اور سیلاب نے تباہی مچائی ہے.
شہبازشریف نے بتایا کہ ہزاروں گاؤں میں پانی میں ڈوب چکے ہیں،لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے،1300 لوگ جاں بحق ہوئے، لاکھوں جانور دریابرد ہوچکے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سندھ میں لاکھوں ایکڑ کی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں، میں نے صورتحال کا خودمشاہدہ کیا، پوری قوم دیکھ رہی ہے ، بلوچستان کا علاقہ بھی سیلابی بارشوں سے تباہ حال ہے۔
انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب،وادی سوات اور وادی انڈس میں بڑی تباہی ہوئی ہے، تقریباً3 کروڑ سے زائد پاکستانی سیلاب کی زد میں ہے، ہر جگہ پانی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔
شہبازشریف نے کہا 1965کی طرح آج پھر اسی جذبے اور حوصلے کیساتھ قوم متحد ہے، سیلاب کی وجہ سے پورے خاندان تباہ ہوگئے، وہی داستان درہرائی جارہی ہے اپنے خون سے تاریخ لکھی جارہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لسبیلہ میں ہمارے جوانوں نے پھر جام شہادت نوش کیاہے، میں غذرگیاایک خاندان کے 8 افراد ریلے کی نذر ہوگئے، اس خاندان کا صرف والد اور معصوم بچی زندہ بچے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم آج اپنے شہدا غازیوں اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہے، آج بزرگ بھائی بہنیں بیٹیاں 6 ستمبرکےدن دوبارہ اکھٹےہوگئےہیں، شہدانےاپنےخون سےپاکستان کی دھرتی کومحفوظ کیا، ان جوانوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔